عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی جہلم میں مصالحہ جات کی قیمتوں میں اضافہ، شہری پریشان

جہلم: عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی پنساریوں اور مصالحہ جات فروخت کرنے والے دکانداروں نے بھی من مانے نرخ وصول کرنا شروع کر دیے، جس کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عیدالاضحیٰ میں چند روز باقی رہ جانے کے باعث شہریوں نے مختلف پکوانوں اور باربی کیو آئٹمز کی تیاری کیلئے مصالحہ جات کی خریداری شروع کر دی ہے، جس کے بعد پنساریوں اور کریانہ اسٹور مالکان نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مصالحہ جات کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ کر دیا ہے۔

شہریوں کے مطابق کالی مرچ، زیرہ، دارچینی، گرم مصالحہ، تکہ اور کباب مصالحہ سمیت ڈبہ پیک مصالحہ جات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

بازاروں میں عید قربان کے موقع پر مصالحہ جات کی طلب بڑھنے کے ساتھ ہی دکانداروں کی چاندی ہو گئی ہے جبکہ شہری مہنگے داموں اشیاء خریدنے پر مجبور ہیں۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ ادارے مصنوعی مہنگائی روکنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں اور گرانفروشوں کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ مصالحہ جات اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں اور سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم ہو سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button