جہلم میں اے این کے انٹرنیشنل گروپ آف کمپنیز کے جدید دفتر کا افتتاح کر دیا گیا

جہلم شہر کے مرکزی مقام جی ٹی ایس چوک میں اے این کے انٹرنیشنل گروپ آف کمپنیز کے جدید دفتر کا شاندار افتتاح ایک پروقار تقریب کے دوران کیا گیا، جس نے شہر میں تعلیمی رہنمائی اور عالمی تعلیمی مواقع کے ایک نئے باب کا آغاز کر دیا۔

افتتاحی تقریب میں چیف ایگزیکٹو عبداللہ ناصر کیانی، مینجنگ ڈائریکٹر، ڈائریکٹر آف مارکیٹنگ صیام بٹ اور ہیڈ آف فنانس سہیل کیانی نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔

تقریب میں شہر کی ممتاز شخصیات، سماجی و کاروباری حلقوں کے نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء میں صیام بٹ، آصف کیانی، معروف لیبر لیڈر راجہ شاہد کیانی، راجہ سعد، چوہدری سعد، زبیر سلطان، ثمر عباس قریشی اور ارباز بٹ سمیت دیگر نمایاں شخصیات شامل تھیں۔ تقریب میں عوامی شرکت نے ادارے پر اعتماد کا واضح اظہار کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو عبداللہ ناصر کیانی نے کہا کہ اے این کے انٹرنیشنل گروپ آف کمپنیز حکومتِ پاکستان سے منظور شدہ ایک مستند تعلیمی رہنمائی فراہم کرنے والا پلیٹ فارم ہے، جہاں نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے خواب حقیقت میں بدلنے کے لیے مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ خواہ طلبہ کا خواب ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، بیچلرز، ماسٹرز یا پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کرنا ہو، ادارے کی ماہر اور تجربہ کار ٹیم ہر مرحلے پر ان کی رہنمائی کے لیے موجود رہے گی۔

عبداللہ ناصر کیانی نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اپنے مستقبل کو روشن اور کامیاب بنانا چاہتے ہیں تو غیر مستند ذرائع کے بجائے حکومت سے منظور شدہ اداروں کا انتخاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ “ہم صرف وعدے نہیں کرتے بلکہ نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔”

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس اقدام کو جہلم کے نوجوانوں کے لیے ایک امید افزا پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے نہ صرف طلبہ کو درست رہنمائی فراہم کرتے ہیں بلکہ انہیں عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع بھی مہیا کرتے ہیں۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ ادارہ نوجوان نسل کے لیے ایک روشن چراغ ثابت ہوگا، جو انہیں محفوظ، مستند اور کامیاب تعلیمی سفر کی جانب گامزن کرے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button