دینہ میں اقدام قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزم گرفتار

دینہ: منگلا کینٹ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے اقدام قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں ایس ایچ او تھانہ منگلا کینٹ اور ان کی ٹیم نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے اقدام قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزم کو گرفتار لیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 12 بور بندوق بمعہ ایمونیشن برآمد کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ مقدمہ کے تمام پہلوؤں کو میرٹ پر یکسو کیا جا سکے، جبکہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔



