دینہ: شادی ہال میں جنریٹر کے دھویں سے باراتیوں کا دم گھٹ گیا، متعدد خواتین اور بچے بے ہوش، ہال سیل

دینہ کے نواحی علاقہ واقع ایک نجی میرج ہال میں شادی کی تقریب کے دوران جنریٹر کے دھویں سے گھٹن کے باعث خواتین اور بچوں سمیت متعدد باراتیوں کی حالت غیر ہو گئی۔
جہلم کی تحصیل دینہ کے علاقہ باغاں کے میرج ہال میں نصب جنریٹر کے دھویں اور ناقص وینٹیلیشن سسٹم کے باعث اچانک گھٹن پیدا ہو گئی، جس سے 10 سے زائد خواتین اور بچے بے ہوش ہو گئے جبکہ دیگر باراتیوں کی حالت بھی بگڑ گئی۔ متاثرہ افراد کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو اسپتال دینہ منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تحصیل انتظامیہ اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے میرج ہال کو سیل کر دیا، جبکہ کھانے کے نمونے بھی لے کر لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہال انتظامیہ کی غفلت، ناقص وینٹیلیشن اور مقررہ گنجائش سے زائد افراد کی موجودگی اس واقعے کی بڑی وجوہات قرار دی جا رہی ہیں۔
تھانہ دینہ پولیس نے ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ عوام اور شادی ہال مالکان حکومتی احکامات اور حفاظتی اصولوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔



