سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اسسٹنٹ کمشنر آفتاب اشرف

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے گورنمنٹ ہائی سکول بگہ کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی اور بنیادی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے اساتذہ اور طلبہ کی حاضری کے رجسٹر چیک کیے اور مختلف کلاس رومز میں جا کر تدریسی عمل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ تعلیمی سرگرمیاں باقاعدگی اور معیار کے مطابق جاری ہیں۔
آفتاب اشرف نے سکول میں صفائی ستھرائی کے انتظامات، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دیگر انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے طلبہ سے ان کے نصاب اور تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے گفتگو کی جبکہ اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ نئی نسل کی علمی اور اخلاقی تربیت کے لیے اپنی تمام تر پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔
انہوں نے سکول ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے نظم و ضبط کو مزید بہتر بنانے کی تاکید کی اور واضح کیا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں اعلیٰ معیار کی تعلیم کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے، جس پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ کے افسران تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے مسلسل فیلڈ میں سرگرم ہیں، جبکہ اس دورے کا مقصد سرکاری سکولوں میں تدریسی معیار کو برقرار رکھنا اور طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔



