ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال جہلم میں آرتھو مریضوں کا رش، آپریشن کے منتظر مریضوں کی تعداد بڑھ گئی

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال جہلم میں آرتھوپیڈک مریضوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث آپریشن کے منتظر مریضوں کی فہرست طویل ہوتی جا رہی ہے اور شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
شہریوں کے مطابق آرتھو سرجری کے لیے محدود دن مقرر ہونے کے باعث مریضوں کو بروقت آپریشن کی سہولت میسر نہیں آ رہی، جس سے نہ صرف مریض بلکہ ان کے لواحقین بھی ذہنی و جسمانی پریشانی کا شکار ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال کے آپریشن تھیٹر میں آرتھو کے لیے مختص دن کم ہونے کے باعث روزانہ بڑی تعداد میں مریض انتظار پر مجبور ہیں، جس سے علاج میں تاخیر بڑھتی جا رہی ہے۔
شہری حلقوں نے میجر ڈاکٹر (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور آرتھو کے آپریشن کے دنوں میں اضافہ کیا جائے تاکہ مریضوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ضلع کے واحد بڑے سرکاری اسپتال میں سہولیات کی بہتری ناگزیر ہے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔



