دینہ میں ون ڈش قانون کی خلاف ورزی پر اسسٹنٹ کمشنر کی کارروائی، میرج ہال کو بھاری جرمانہ

دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان نے تحصیل دینہ کے مختلف میرج ہالز پر اچانک چھاپے مارے اور ون ڈش قانون پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔
کارروائی کے دوران ایک میرج ہال میں ون ڈش قانون کی واضح خلاف ورزی سامنے آئی، جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ ہال انتظامیہ کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تیمور خان نے میرج ہال مالکان کو سختی سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ون ڈش قانون کی خلاف ورزی اور مقررہ اوقات سے تجاوز کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ون ڈش قانون کا مقصد عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا اور غیر ضروری اخراجات کو روکنا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں اچانک انسپکشنز کا عمل آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ قانون کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جا سکے۔



