پنجاب میں کاغذ مہنگا، کتابیں اور کاپیاں بھی زائد قیمتوں کی لپیٹ میں، والدین اور طلبہ پریشان

جہلم: پنجاب میں کاغذ کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد کتابوں اور کاپیوں کے نرخ بھی بڑھ گئے ہیں، جس سے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر طلبہ و طالبات اور والدین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث کاغذ کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے اثرات براہِ راست درسی کتابوں، کاپیوں اور دیگر اسٹیشنری اشیاء پر پڑے ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ہول سیل سطح پر قیمتیں بڑھنے سے ریٹ بڑھانا مجبوری بن چکا ہے، جبکہ مزید اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ پہلے ہی گھریلو اخراجات میں اضافے کے باعث والدین کو مشکلات کا سامنا ہے، ایسے میں کتابوں اور کاپیوں کی قیمتوں میں اضافہ تعلیمی سرگرمیوں کے لیے ایک نئی رکاوٹ بن گیا ہے۔ کئی طلبہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو تعلیم جاری رکھنا مشکل ہو جائے گا۔
والدین اور شہری حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کاغذ اور تعلیمی اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، خصوصی سبسڈی یا ریلیف پیکیج دیا جائے تاکہ غریب اور متوسط طبقے کے بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو۔



