صحافت ایک مقدس پیشہ ہے، صحافی معاشرے کی آنکھ اور چوتھا ستون ہیں۔ محمد بشیر چوہدری، محمد تیمور خان

دینہ: صدر انٹرنیشنل جرنلسٹ کونسل یوکے و چیئرمین سکاٹش پریس کلب محمد بشیر چوہدری نے کہا ہے کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے اور اس سے وابستہ ہر فرد میرا بھائی ہے۔ صحافی معاشرے کی آنکھ ہوتے ہیں، اسی لیے انہیں ریاست کا چوتھا ستون کہا جاتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب دینہ کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو شہر کی ایک نجی مارکی میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا اہتمام پریس کلب دینہ کی ایگزیکٹو باڈی کے رکن جرار حسین میر کی جانب سے کیا گیا، جس میں پریس کلب دینہ کے تمام ممبران نے شرکت کی۔
محمد بشیر چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ سب سے پہلے صحافی برادری کو مضبوط کرنا ضروری ہے، کیونکہ مضبوط صحافی ہی معاشرے کی بہتری کے لیے مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے صحافیوں کے اتحاد کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نو تعینات اسسٹنٹ کمشنر دینہ محمد تیمور خان نے کہا کہ صحافیوں کا متحد ہونا ایک مثبت عمل ہے، جس سے تحصیل دینہ کے عوامی مسائل بہتر انداز میں اجاگر ہوں گے اور وہ اعلیٰ حکام کی توجہ حاصل کر سکیں گے، جس سے انتظامیہ کو مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر پریس کلب دینہ کی ایگزیکٹو باڈی کے سربراہ امجد محمود سیٹھی نے پریس کلب دینہ کا مسودہ پیش کیا اور انتظامیہ کو تحصیل دینہ کی صحافی برادری کے اتحاد سے آگاہ کیا۔
بعد ازاں مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر دینہ محمد تیمور خان اور چیئرمین سکاٹش پریس کلب محمد بشیر چوہدری نے پریس کلب دینہ کی نو منتخب باڈی میں نوٹیفکیشن تقسیم کیے اور عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں گے۔
پروگرام کے اختتام پر پریس کلب دینہ کے نائب صدر احسان جنجوعہ نے تمام معزز مہمانوں، ممبران اور تقریب کے میزبان جرار حسین میر کا افطار ڈنر اور نو منتخب باڈی کے اعزاز میں پروقار تقریب منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔



