جہلم: رمضان کے دوران مہنگائی کے خلاف سخت کریک ڈاؤن، 29 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک

جہلم: ضلع جہلم میں رمضان المبارک کے دوران مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سخت اقدامات جاری ہیں۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کی زیرِ نگرانی ضلع بھر میں 29 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک ہو کر مصنوعی مہنگائی، گراں فروشی اور سرکاری نرخناموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع بھر میں سینکڑوں دکانوں، بازاروں اور اشیائے خوردونوش کے مراکز پر انسپیکشنز کی گئیں۔ اس دوران گراں فروشی اور نرخنامے کی خلاف ورزی پر درجنوں دکانداروں کو ہزاروں روپے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ متعدد افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کروائے گئے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور گراں فروشی کے مرتکب عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ دکانداروں کو واضح ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری نرخوں پر اشیائے ضروریہ فروخت کریں، بصورتِ دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کہیں زائد قیمت وصول کی جا رہی ہو یا نرخنامہ آویزاں نہ ہو تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کر کے عوام کو مہنگائی سے بچایا جا سکے۔



