رمضان المبارک؛ عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول کے حوالے سے ایک نہایت اہم اور خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس کا بنیادی مقصد رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہریوں کو مصنوعی مہنگائی کے بوجھ سے بچانا اور اشیائے خوردونوش کی سستے داموں فراہمی کو ہر صورت یقینی بنانا تھا۔

اجلاس میں ضلع بھر کی تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور جہلم کے معزز میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے واضح کیا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں بازاروں کی خود نگرانی کریں، سپلائی چین کو ہر صورت فعال رکھیں اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دیں تاکہ شہریوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

میڈیا نمائندگان کی شرکت پر بات کرتے ہوئے میر رضا اوزگن نے کہا کہ صحافی برادری معاشرے کی نبض ہے اور ان کے تعاون سے عوامی مسائل کی فوری نشاندہی ممکن ہوتی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ میڈیا کے ذریعے موصول ہونے والی ہر مستند شکایت پر ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کی جائے گی تاکہ حکومتی ریلیف براہِ راست عام آدمی تک پہنچ سکے۔

پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فیلڈ میں متحرک موجودگی یقینی بنائی جائے اور گراں فروشوں، ذخیرہ اندوزوں اور منافع خور عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خلاف ورزی کے مرتکب دکانداروں کو موقع پر گرفتار کر کے جیل بھیجا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پیرا فورس کو مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے جس کا مقصد تجاوزات اور گراں فروشی کا خاتمہ ہے تاکہ رمضان المبارک کے دوران بازاروں میں نظم و ضبط برقرار رہے۔ ڈپٹی کمشنر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ جو دکاندار سرکاری نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں نہیں کرے گا اس کی دکان فوری طور پر سیل کر دی جائے گی، کیونکہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور سستی اشیاء کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button