جہلم میں شادی کا جھانسہ دے کر خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے والا ملزم گرفتار

جہلم میں خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر ملزم نے مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ سٹی اور پولیس ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شادی کا جھانسہ دے کر خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ سٹی میں باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد اسے ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا تاکہ قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
اس موقع پر طارق عزیز سندھو نے واضح کیا کہ عورتوں اور بچوں کے ساتھ زیادتی جیسے سنگین جرائم میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے، ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ پولیس جہلم نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ایسے واقعات کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے اور متاثرہ افراد کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔



