جہلم میں ایل پی جی گیس کی گراں فروشی، سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی پر شہری سراپا احتجاج

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں ایل پی جی گیس کی سرکاری نرخوں پر فروخت نہ ہونے اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کیے جانے پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

حکومت نے ایل پی جی گیس کی فی کلو سرکاری قیمت 208 روپے مقرر کر رکھی ہے اور اس کے ساتھ تمام ایل پی جی ڈیلرز و فروخت کنندگان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ سرکاری نرخنامہ اپنی دکانوں پر نمایاں جگہ پر آویزاں کریں تاکہ صارفین کو آگاہی حاصل ہو سکے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ جہلم شہر اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں بیشتر دکاندار نہ صرف ریٹ لسٹ آویزاں کرنے سے گریز کر رہے ہیں بلکہ صارفین سے مقررہ نرخ سے کہیں زیادہ قیمت وصول کر کے کھلی گران فروشی میں ملوث ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے بیشتر ایل پی جی ڈیلرز اور دکاندار من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں، جس سے عوام خصوصاً غریب اور متوسط طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہو چکا ہے۔

شہریوں نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایل پی جی گیس روزمرہ گھریلو استعمال کی ایک بنیادی ضرورت بن چکی ہے، خاص طور پر دیہی علاقوں اور متوسط طبقے کے گھروں میں یہ واحد ایندھن ہے۔ ایسے میں من مانے نرخ وصول کیے جانا عوام کے لیے دوہری اذیت کا باعث بن رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ رکھی ہے اور اب ایل پی جی کی گران فروشی نے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اور مؤثر کارروائی نہ کی گئی تو گران فروشی کا یہ رجحان مزید پھیل سکتا ہے، جس کا براہِ راست نقصان عام صارفین کو ہوگا۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر ایل پی جی ڈیلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کرے، سرکاری نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

شہریوں نے چیئرمین سول ڈیفنس اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے بھی پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی گران فروشی کا فوری نوٹس لیا جائے، مؤثر چیکنگ کا نظام فعال بنایا جائے اور سرکاری نرخنامے پر عمل درآمد کو یقینی بنا کر عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button