اقبال لائبریری جہلم کا ایک اہم علمی اور تعلیمی اثاثہ ہے، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے شہر کی تاریخی اقبال لائبریری کا تفصیلی دورہ کیا اور انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کیں کہ لائبریری کو جدید ترین سہولیات سے آراستہ کر کے اسے ایک مثالی تعلیمی اور علمی مرکز بنایا جائے۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے لائبریری کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ قارئین، طلبہ اور محققین کے لیے بیٹھنے کے معیاری اور آرام دہ انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے ڈیجیٹل لائبریری کے قیام، جدید آئی ٹی سہولیات، بہتر روشنی، صفائی ستھرائی اور مطالعہ کے لیے سازگار ماحول کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے لائبریری کے اطراف میں قائم ناجائز تجاوزات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو حکم دیا کہ تمام تجاوزات کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے تاکہ تاریخی عمارت کی اصل خوبصورتی بحال ہو سکے اور شہریوں کو لائبریری تک رسائی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اقبال لائبریری جہلم کا ایک اہم علمی اور تعلیمی اثاثہ ہے، جس کی تزئین و آرائش اور خوبصورتی میں اضافہ انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس لائبریری کو جدید خطوط پر استوار کر کے نوجوان نسل میں مطالعہ کے رجحان کو فروغ دیا جا سکتا ہے، جو معاشرتی اور تعلیمی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ لائبریری کی اپ گریڈیشن، سہولیات کی فراہمی اور تجاوزات کے خاتمے سے متعلق تمام احکامات پر مقررہ مدت کے اندر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے، تاکہ بہتری کے عمل کو جلد مکمل کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button