جہلم میں پولیس کی کارروائیاں، ہیلمٹ کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ، شہریوں میں تشویش

143
جہلم میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف جاری سخت کارروائیوں کے بعد ہیلمٹ کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ضلع بھر کے بازاروں میں ہیلمٹ کی قیمتیں اچانک بڑھ کر آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ پہلے جہاں ایک ہیلمٹ 600 سے ساڑھے 600 روپے میں فروخت ہوتا تھا، اب وہی ہیلمٹ 1200 روپے تک فروخت ہونا شروع ہو گیا ہے جبکہ معیاری اور برانڈیڈ ہیلمٹ کی قیمتیں بڑھ کر 2000 سے 4000 روپے تک جا پہنچی ہیں۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ ہیلمٹ کی بڑھتی ہوئی مانگ کی وجہ سے ہوا ہے، تاہم شہری اس اچانک مہنگائی پر شدید تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات ضروری ہیں اور ٹریفک قوانین میں ترمیم کے بعد یہ اقدامات عوام کے تحفظ کے لیے اہم ہیں، لیکن حکومت کو اس کے ساتھ ہی عوامی سہولت اور مالی تحفظ کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ اگر حکومت شہریوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کر رہی ہے تو اسے ہیلمٹ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے مؤثر حکمت عملی بھی مرتب کرنی چاہیے، تاکہ ہر موٹر سائیکل سوار آسانی سے معیاری ہیلمٹ خرید کر استعمال کر سکے اور حادثات سے محفوظ رہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر ہیلمنٹ کی قیمتوں کو کنٹرول کرے تاکہ عام موٹر سائیکل سوار اضافی مالی بوجھ سے محفوظ رہ سکیں۔



