ترقیاتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ضلع میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔
اجلاس کے دوران ڈی ڈی ڈویلپمنٹ نے ڈپٹی کمشنر کو جاری منصوبوں پر اب تک ہونے والی پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے اس موقع پر ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ عوام کو ان کے ثمرات جلد از جلد حاصل ہوں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بروقت تکمیل میں تاخیر یا غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تمام محکمے اپنے ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں تاکہ عوامی فلاح کے یہ منصوبے جلد از جلد ثمر آور ثابت ہوں۔



