دینہ میں جعلی عدالتی دستاویزات بنانے والے افغانی باشندے سمیت تین ملزمان گرفتار

دینہ: جہلم پولیس کی بڑی کارروائی، جعلی عدالتی دستاویزات بنانے والے افغانی باشندے سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں تھانہ منگلا کینٹ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جعلی عدالتی مہریں اور دستاویزات تیار کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن میں ایک افغانی باشندہ بھی شامل ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے عدالت کے نام پر جعلی سپرداری روبکار تیار کی تھی تاکہ تھانے سے ایک گاڑی جعلی دستاویزات کی بنیاد پر حاصل کی جا سکے۔
ملزمان عدالت کی جانب سے جاری جعلی روبکار لے کر تھانے پہنچے۔ تھانہ منگلا کینٹ پولیس نے مشکوک دستاویزات کی جانچ پڑتال کی تو انکشاف ہوا کہ یہ عدالتی کاغذات اور مہریں جعلی ہیں۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے جعلی عدالتی دستاویزات، مہر اور دیگر مواد برآمد کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان عدالتی حکام کے نام سے جعلی روبکار تیار کر کے گاڑی کی سپرداری حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ جعل سازی کے اس نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے پولیس ٹیم کی اس کامیاب کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جعلی دستاویزات تیار کرنے والے عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس عوام کے مفاد اور عدالتی نظام کے تقدس کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔



