جہلم میں سال 2017 سے قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم گرفتار

جہلم پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے سال 2017 سے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ صدر شعیب کیانی اور ان کی ٹیم نے طویل عرصے سے روپوش ملزم کی گرفتاری کے لیے خفیہ معلومات اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائی کی۔
اشتہاری مجرم سال 2017 سے قتل کے ایک مقدمے میں تھانہ صدر پولیس کو مطلوب تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے مسلسل روپوشی اختیار کیے ہوئے تھا۔ تاہم پولیس ٹیم نے بھرپور محنت اور مربوط حکمتِ عملی کے ذریعے اسے گرفتار کر لیا۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ اشتہاری مجرمان کے خلاف ضلع بھر میں بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے خطرناک عناصر جو معاشرتی امن کو نقصان پہنچاتے ہیں، انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔



