نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقیات، نظم و ضبط اور مثبت سوچ کو بھی اپنانا چاہیے، ڈی پی او طارق عزیز سندھو

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے جہلم کے نجی کالج میں نئے تعلیمی سیشن کے آغاز کے موقع پر منعقدہ "FUNGAMA فیسٹیول” میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
کالج انتظامیہ، اساتذہ اور طلباء و طالبات نے ڈی پی او جہلم کا پرتپاک استقبال کیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جس کے بعد طلباء و طالبات نے ملی نغمے، تقاریر اور ثقافتی پروگرام پیش کیے۔ اس موقع پر طلباء نے ڈی پی او جہلم کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا اور جہلم پولیس کی عوام دوست پالیسیوں کو سراہا۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقیات، نظم و ضبط اور مثبت سوچ کو بھی اپنانا چاہیے۔ پولیس نوجوانوں کے تعاون سے ایک پرامن اور محفوظ معاشرہ تشکیل دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
کالج انتظامیہ نے ڈی پی او جہلم کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی۔ تقریب کے اختتام پر گروپ فوٹو سیشن ہوا اور طلباء نے ڈی پی او جہلم سے ملاقات کر کے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔



