ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنسنگ یونٹ کا افتتاح کر دیا

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق جہلم میں شہریوں کو ان کی دہلیز پر پولیس سروسز فراہم کرنے کے سلسلے میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنسنگ یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں ڈی ایس پی ٹریفک خرم ستی سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنسنگ یونٹ کا تفصیلی معائنہ کیا اور شہریوں کے لیے فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔
ڈی پی او نے کہا کہ پولیس ورک کو جدید خطوط پر استوار کرنا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنسنگ یونٹ کے ذریعے اب شہریوں کو ایف آئی آر کے اندراج، ڈرائیونگ لائسنس کے حصول اور خدمت مرکز کی تمام سہولیات ان کی دہلیز پر میسر ہوں گی۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے مزید کہا کہ یہ اقدام عوامی خدمت کے عزم کی ایک واضح مثال ہے، جس سے شہریوں کو سہولت، شفافیت اور اعتماد پر مبنی پولیس سروسز میسر آئیں گی۔



