پنڈدادنخان کے علاقے للِہ ٹاؤن کے اسپیشل بچے ٹرانسپورٹ کی سہولت سے محروم، تعلیم سے دور

پنڈ دادنخان کے تاریخی قصبہ للِہ ٹاؤن اور گردونواح کے اسپیشل بچے حکومتی توجہ کے منتظر ہیں۔ ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولیات نہ ہونے کے باعث معذور بچے تعلیم جیسی نعمت سے محروم ہو چکے ہیں، والدین بے بس جبکہ سماجی حلقے سراپا احتجاج ہیں۔
جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان میں قائم گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن اسکول ایک مثالی ادارہ ہے جہاں معذور بچوں کو معیاری تعلیم، تربیت اور جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ تاہم للِہ ٹاؤن، علاقہ تھل، ٹوبہ، کندوال، کنڈل، ڈھڈی تھل، جیٹھل، کہانہ، احمد آباد اور کدھی سمیت ملحقہ دیہات کے اسپیشل بچے اسکول نہیں جا پاتے کیونکہ ٹرانسپورٹ کی سہولت موجود نہیں۔
سماجی و عوامی حلقوں نے حکومت پنجاب اور محکمہ اسپیشل ایجوکیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے ان علاقوں کے اسپیشل بچوں کے لیے اسکول ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم کے حق سے محروم نہ رہے۔



