جہلم میں کرنٹ لگا کر مچھلی کا شکار کرنے پر مکمل پابندی

جہلم: ضلع جہلم سمیت پنجاب بھر میں کرنٹ لگا کر مچھلی کا شکار کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
محکمہ فشریز کے مطابق کرنٹ یا ممنوعہ جال کے ذریعے مچھلی پکڑنا ایک قابلِ سزا جرم ہے، اور اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان محکمہ فشریز نے بتایا کہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق بعض شکاری کرنٹ یا پابندی والے جال استعمال کر کے مچھلیاں پکڑ رہے ہیں، جو نہ صرف غیر قانونی عمل ہے بلکہ آبی حیات اور ماحولیاتی توازن کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔
محکمہ فشریز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع ہو تو فوراً محکمے کے دفتر یا فون نمبر 042-99212374 پر اطلاع دیں۔
ترجمان نے یقین دہانی کرائی کہ اطلاع دینے والے شہری کا نام مکمل طور پر صیغۂ راز میں رکھا جائے گا تاکہ شکاری مافیا کے خلاف کارروائی مؤثر انداز میں کی جا سکے۔



