طلاق اور خلع کی بڑھتی شرح خاندانی نظام کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے، سید خلیل حسین کاظمی

جہلم: سید خلیل حسین کاظمی نے کہا کہ ملک بھر میں بالخصوص جہلم میں طلاق اور خلع کی بڑھتی ہوئی شرح خاندانی نظام کے لیے ایک سنگین خطرے کی گھنٹی ہے۔

جہلم شہر کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ رجحان نہ صرف خاندانوں کو توڑ رہا ہے بلکہ معصوم بچوں کو والدین کی شفقت اور تربیت سے محروم کر کے انہیں محرومیوں کے اندھیروں میں دھکیل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ صورتِ حال جاری رہی تو معاشرہ ایک ایسے بحران میں داخل ہو جائے گا جہاں رشتوں کی حرمت، اعتماد اور گھروں کی روشنیاں ماند پڑ جائیں گی۔ یہ صرف ایک خدشہ نہیں بلکہ ایک تلخ حقیقت ہے جسے عدالتوں میں روز بروز بڑھتے مقدمات واضح کر رہے ہیں۔ صرف ضلع جہلم کی فیملی عدالتوں میں روزانہ درجنوں خلع اور طلاق کے دعوے دائر کیے جا رہے ہیں، اور ہر مقدمہ ایک بکھرتے ہوئے گھر اور ٹوٹتے ہوئے رشتے کی کہانی سناتا ہے۔

سید خلیل حسین کاظمی نے مزید کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران خاندانی مقدمات کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جو اس امر کا ثبوت ہے کہ ہمارے معاشرے میں صبر، برداشت اور ایثار کی اقدار تیزی سے ختم ہو رہی ہیں۔ یہ افسوسناک رجحان نہ صرف جہلم بلکہ اردگرد کے تمام شہروں میں بھی شدت اختیار کرتا جا رہا ہے اور عدالتیں اس المیے کی گواہی دے رہی ہیں۔

انہوں نے اربابِ اختیار اور معاشرتی رہنماؤں سے اپیل کی کہ خاندانی نظام کے استحکام کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، نوجوان نسل کو صبر، برداشت اور ایثار کی اہمیت سے روشناس کرایا جائے تاکہ معاشرہ ٹوٹ پھوٹ سے محفوظ رہ سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button