جہلم: میونسپل کمیٹی دفتر کے ارد گرد تجاوزات کی بھرمار، تجاوزات مافیا نےشہریوں کا جینا دوبھر کر دیا

جہلم: میونسپل کمیٹی دفتر جہلم کے اطراف تجاوزات کی بھرمار نے شہریوں کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔
دکانداروں نے کشادہ سڑکوں کو تنگ گلیوں میں تبدیل کر دیا ہے جس کی وجہ سے راہگیروں، چھوٹی گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دکانوں کے سامان، غیر قانونی تھڑے اور ریڑھیاں نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر کر رہے ہیں بلکہ حادثات کا سبب بھی بن رہے ہیں۔
شہریوں نے بتایا کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے کے باوجود خاطر خواہ کارروائی نہیں کی گئی، جس سے تجاوزات مافیا کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔
شہریوں نے پیرا کے ذمہ داران اور میونسپل کمیٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بلا تفریق کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات ختم کی جائیں تاکہ شہری سکون سے زندگی گزار سکیں اور ٹریفک کا نظام بہتر ہو۔



