جہلم میں شدید بارشوں سے تباہی، کئی علاقوں میں نظامِ زندگی تاحال مفلوج

جہلم: ضلع جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان، سوہاوہ اور جہلم میں گزشتہ ماہ ہونے والی شدید موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی۔ کئی علاقوں میں نظامِ زندگی تاحال مفلوج ہے جبکہ کچھ دیہات آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ مختلف مقامات پر بجلی کی فراہمی معطل ہے اور متعدد علاقوں کے مکین اب بھی مشکلات کی چکی میں پس رہے ہیں۔

جہلم میں مسلسل اور شدید بارشوں کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے جبکہ نالہ بنہاں اور نالہ گھان خطرناک حد تک بپھر گئے۔ ان نالوں کے بپھرنے سے دیہی علاقوں میں پانی نے کھڑی فصلوں کو تباہ کر دیا۔ کسانوں کی کپاس اور چاول کی فصلیں بری طرح متاثر ہوئیں، جبکہ کئی علاقوں میں آج بھی کھیتوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے۔

سیلابی ریلوں نے مکانات، ڈیرے اور مویشی بہا دیے، جبکہ جو جانور بچ گئے ہیں، ان کے لیے چارے کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ مویشی پالنے والے کسان شدید مالی بحران سے دوچار ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ کی امدادی کارروائیاں نہ ہونے کے برابر ہیں۔ کئی علاقوں میں دو ہفتے سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود بحالی کا کام شروع نہیں ہو سکا۔

تحصیل پنڈدادنخان اور تحصیل جہلم کے کئی دیہاتی علاقوں کے لوگوں کو ضلع ہیڈکوارٹر تک پہنچنے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے، خاص طور پر داراپور پل کے ٹوٹنے کے بعد جو عارضی طور پر ایک مکینکل پل سے تبدیل کیا گیا ہے، لیکن اس پر پبلک ٹرانسپورٹ کا گزر ممنوع ہے اور صرف موٹر سائیکلیں اور کاریں گزر سکتی ہیں، جس سے عوام کی نقل و حرکت مزید محدود ہو گئی ہے۔

متعدد دیہات میں بجلی تاحال بحال نہیں ہو سکی، جس کے باعث متاثرین کو راتیں اندھیرے میں گزارنا پڑ رہی ہیں، اور شدید گرمی میں پانی، پنکھے اور دیگر سہولیات کی عدم دستیابی نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے نہ صرف امدادی کاموں میں سستی دکھائی ہے بلکہ عوامی مشکلات سے مکمل لاتعلقی کا مظاہرہ کیا ہے۔

متاثرہ علاقوں کے عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے، نقصانات کے ازالے، بجلی کی بحالی، سڑکوں اور پلوں کی تعمیر، اور امدادی سامان کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید ابتر ہو جائے گی اور لوگ شدید بحران میں مبتلا ہو جائیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button