ارشد محمود بٹ 30 سالہ خدمات کے بعد ریٹائر، ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر پروٹوکول سے رخصتی

جہلم: ضلعی انتظامیہ جہلم میں تین دہائیوں سے زائد عرصہ تک خدمات سرانجام دینے والے سینئر سرکاری ملازم ارشد محمود بٹ پرسنل سیکرٹری ٹو ڈپٹی کمشنر آج اپنے عہدے سے باقاعدہ طور پر ریٹائر ہو گئے۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ایک سادہ مگر پروقار انداز میں انہیں سرکاری پروٹوکول کے ساتھ رخصت کیا گیا۔
ارشد محمود بٹ نے اپنے کیریئر کے دوران انتہائی تحمل مزاجی، دیانت داری اور فرض شناسی سے کام کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مختلف ادوار میں خدمات انجام دیں۔ وہ اپنے خوش اخلاق اور پیشہ ورانہ طرز عمل کی وجہ سے نہ صرف انتظامیہ بلکہ دیگر سرکاری محکموں میں بھی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔
ریٹائرمنٹ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس نے ارشد محمود بٹ کی طویل اور مثالی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ارشد محمود بٹ کو سرکاری گاڑی میں باقاعدہ پروٹوکول کے ساتھ الوداع کیا گیا۔
ارشد محمود بٹ نے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران اور تمام ساتھی اہلکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دورانِ سروس انہیں ہمیشہ تعاون اور خلوص ملا، جس کی بدولت وہ اپنے فرائض کو بہتر طریقے سے ادا کر سکے۔ انہوں نے دعا کی کہ ضلعی انتظامیہ اسی جذبے کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے۔
ضلعی دفتر کے کئی افسران اور ملازمین نے ارشد بٹ کی ریٹائرمنٹ کو ایک دور کے اختتام سے تعبیر کرتے ہوئے ان کی کمی کو محسوس کیے جانے والا خلاء قرار دیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔



