سرکاری قیمت مقرر ہونے کے بعد چینی مارکیٹ سے غائب، بلیک میں 210 روپے کلو فروخت ہونے لگی

جہلم: حکومت کی جانب سے چینی کی فی کلو قیمت 173 روپے مقرر کیے جانے کے بعد جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں چینی مارکیٹ سے غائب ہو گئی ہے جبکہ بلیک مارکیٹ میں چینی 200 سے 210 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ اس مصنوعی قلت اور مہنگے داموں فروخت پر عوام شدید پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔
شہر بھر کی کریانہ دکانوں اور ہول سیل مارکیٹوں سے چینی نایاب ہو چکی ہے، جس کے باعث شہریوں کو چینی کے حصول کے لیے در بدر کی ٹھوکریں کھانا پڑ رہی ہیں۔ شہریوں نے شکایت کی کہ سرکاری نرخ تو طے کر دیے گئے ہیں، لیکن مارکیٹ میں کہیں بھی اس نرخ پر چینی دستیاب نہیں، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ مصنوعی قلت پیدا کی جا رہی ہے۔
چینی ڈیلرز کا مؤقف ہے کہ موجودہ حالات میں سرکاری نرخ پر چینی فروخت کرنا ان کے لیے مالی نقصان کا باعث بن رہا ہے، اسی لیے وہ یا تو چینی فروخت نہیں کر رہے یا بلیک میں مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری فوڈ اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع بھر میں چینی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور جو تاجر ذخیرہ اندوزی یا بلیک مارکیٹنگ میں ملوث ہیں، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ غریب عوام کو ریلیف مل سکے۔
عوامی حلقوں نے انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ مصنوعی قلت اور ناجائز منافع خوری کا خاتمہ کر کے سرکاری ریٹ پر چینی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔



