منگلا ڈیم میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ، پانی کی سطح 1200 فٹ کے قریب پہنچ گئی

منگلا/ جہلم: حالیہ شدید بارشوں کے باعث منگلا ڈیم میں پانی کی آمد میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں ڈیم کی سطح بھرنے کے بعد دریائے جہلم میں بڑی مقدار میں پانی چھوڑا جا سکتا ہے۔ اس ممکنہ صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ریونیو سنیہ صافی نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ دریا کے کنارے واقع آبادیوں کو بروقت اطلاع دے کر محفوظ مقامات پر منتقل کرنا ضروری ہے تاکہ کسی ممکنہ سیلاب سے جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔
منگلا ڈیم اتھارٹی کی جانب سے اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ اس وقت ڈیم میں پانی کی سطح 1197 فٹ کے قریب پہنچ چکی ہے، جبکہ ڈیم کی مکمل گنجائش 1242 فٹ ہے۔ آنے والے دنوں میں مزید پانی کی آمد متوقع ہے، جس پر ڈیم اتھارٹی ضلعی انتظامیہ کو لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ رکھے ہوئے ہے۔
دوسری جانب ریسکیو 1122 کے ڈی او انجینئر سعید احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حالیہ بارشوں کے بعد جہلم کے مختلف علاقوں میں سیلابی کیفیت کے باعث نقصان ہوا ہے، اور پانچ فلڈ کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں جن پر ریسکیو اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے اختتام پر کہا کہ اب ضلعی انتظامیہ کو منگلا ڈیم سے ممکنہ طور پر خارج ہونے والے پانی سے بچاؤ کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا کیونکہ حالیہ بارشوں کے سبب ایک لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پہلے ہی زیر آب آ چکا ہے۔



