ضلع جہلم میں چار لاکھ پودے لگانے کا ہدف، آج کی شجرکاری کل کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے، مشیر صحت

جہلم: مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر کیانی نے کہا ہے کہ "آج کی شجرکاری، آئندہ نسلوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔”
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع جہلم میں موسم برسات کی شجرکاری مہم 2025 کے باضابطہ آغاز کے موقع پر کیا۔ ڈاکٹر اظہر کیانی نے ڈی سی آفس جہلم میں ایک پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میثم عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر، محکمہ جنگلات کے افسران اور دیگر متعلقہ افراد موجود تھے۔
مشیر صحت پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو اپنے گھر میں پودا لگا کر اس کی دیکھ بھال ایسے کرنی چاہیے جیسے وہ اپنے بچوں کی پرورش کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع جہلم میں موسم برسات کے دوران چار لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاکہ ضلع کو سرسبز اور ماحولیاتی اعتبار سے محفوظ بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس اور دیگر افسران نے بھی شجرکاری مہم کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔



