جہلم کی سبزی منڈی جوہڑ کا منظر پیش کرنے لگی، خریداروں اور دکانداروں کو شدید مشکلات

جہلم شہر کے وسط میں واقع سبزی و فروٹ منڈی ناقص نکاسی آب کے باعث جوہڑ میں تبدیل ہو گئی، سیوریج کا گندا پانی جمع ہونے کے باعث خریداروں اور دکانداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
منڈی میں جگہ جگہ جمع گندا پانی نہ صرف بدبو اور تعفن کا باعث بن رہا ہے بلکہ مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔ دکانداروں اور شہریوں نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ "ایم سی انتظامیہ کو کئی بار شکایات کی گئیں، لیکن صفائی اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔”
دکانداروں کا کہنا ہے کہ بارش کے دنوں میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے، اور منڈی میں داخل ہونا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔ نالوں کی صفائی نہ ہونے اور نکاسی آب پر قائم پختہ تجاوزات کے باعث پانی منڈی میں جمع ہو جاتا ہے۔
شہریوں اور دکانداروں نے ایم سی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے اور تجاوزات کے خاتمے، نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ منڈی کی حالت بہتر بنائی جا سکے۔



