جہلم تا سوہاوہ جی ٹی روڈ کی خستہ حالی، حادثات میں اضافہ

جہلم: جی ٹی روڈ پر دریائے جہلم سے لے کر سوہاوہ اور مسہ کسوال تک سڑک کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہو چکی ہے۔ جگہ جگہ گہرے گڑھوں اور ٹوٹی پھوٹی سڑک کے باعث نہ صرف سفر دشوار ہو گیا ہے بلکہ شہریوں کی قیمتی گاڑیاں تباہ و برباد ہو رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران اسی خراب سڑک کی وجہ سے جہلم تا سوہاوہ درجنوں ٹریفک حادثات رونما ہوئے جن میں ایک درجن سے زائد افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد ہمیشہ کے لیے معذوری کا شکار ہو چکے ہیں۔
قابل ذکر امر یہ ہے کہ دریائے جہلم اور سوہاوہ ٹول پلازہ کے درمیان قومی شاہراہ اتھارٹی (NHA) روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے ٹول ٹیکس کی مد میں وصول کرتی ہے، مگر اس کے باوجود سڑک کی مرمت یا تعمیر کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جا رہی، جو کہ ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔
شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر نوٹس لیں اور دریائے جہلم تا مسہ کسوال جی ٹی روڈ کی فوری مرمت اور از سرِ نو تعمیر کو یقینی بنائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں اور شہریوں کے مالی نقصانات سے بچا جا سکے۔



