جہلم میں شجر کاری مہم کا آغاز، شہریوں کو مفت پودے فراہم کیے جائیں گے

جہلم میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں "پودے لگاؤ، اپنے ماحول کو سرسبز و شاداب بناؤ” کے نعرے کے تحت ایک سنہری موقع شہریوں کے لیے دستیاب ہے۔
پاکستان ٹوبیکو کمپنی (PTC) کی جانب سے شہریوں کو 15 جولائی سے 15 ستمبر تک مفت پودے فراہم کیے جائیں گے تاکہ شہر، محلے، گاؤں اور گھر کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔
پاکستان ٹوبیکو کمپنی کی نرسری جو برلب جی ٹی روڈ جہلم واقع ہے سے شہری ایک شناختی کارڈ کی کاپی کے بدلے 20 پودے مفت حاصل کر سکیں گے۔ شجرکاری کے لیے موزوں اور کامیاب وقت 15 جولائی سے 15 اگست تک بتایا گیا ہے جبکہ مفت پودوں کی فراہمی 15 ستمبر تک جاری رہے گی۔
نرسری سے دستیاب پودوں میں کچنار، سکھ چین، کاسیا نوڈوسا، دھریک، چائنا ٹالی، کیکر، بوتل برش، ویلو، درہنٹا، املتاس، چیڑ، انار، پیکس، ارجن اور دیگر مقامی و ماحول دوست اقسام شامل ہیں۔ روزانہ صبح 8:30 بجے سے شام 4:00 بجے تک شہری مفت پودے حاصل کر سکتے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ، ماحولیاتی تنظیموں اور سول سوسائٹی کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس قومی مہم میں بھرپور حصہ لیں اور اپنے اردگرد کے ماحول کو سرسبز بنانے میں کردار ادا کریں۔ ماحول دوست شہری بنیں، اور آنے والی نسلوں کو صاف و شفاف فضا فراہم کرنے کی بنیاد رکھیں۔



