محرم الحرام ہمیں امن، صبر، قربانی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو نے محرم الحرام کے مقدس موقع پر شہریوں کے نام ایک اہم پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں امن، صبر، قربانی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ اس مہینے کی حرمت کو برقرار رکھتے ہوئے تمام مکاتب فکر کو چاہیے کہ باہمی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مذہبی احترام کو فروغ دیں۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران ضلع جہلم میں مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف اور جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس اہلکار ہمہ وقت الرٹ اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ "یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ضلع میں امن و امان کو قائم رکھا جائے۔ پولیس عوام کے ساتھ کھڑی ہے، اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا گیا ہے۔”
ڈی پی او جہلم نے والدین، نوجوانوں اور تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور امن، بھائی چارے اور برداشت کی فضا کو مضبوط بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "جہلم پولیس عوام کی خدمت اور تحفظ کے لیے ہر لمحہ موجود ہے، اور ہم سب مل کر اس مقدس مہینے کو پرامن اور باوقار انداز میں گزارنے کا عزم رکھتے ہیں۔”



