حکومت نے قومی بچت اسکیموں پر شرح منافع میں مزید کمی کردی

جہلم: حکومت نے قومی بچت اسکیموں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے ایک بار پھر مایوس کن خبر سنا دی ہے، قومی بچت سکیموں پر شرح منافع میں مزید کمی کر دی گئی ہے، جس سے چھوٹے سرمایہ کار اور ریٹائرڈ افراد متاثر ہوں گے۔
ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح 15 بیسز پوائنٹس کم کر کے 11 اعشاریہ 91 فیصد سے گھٹا کر 11 اعشاریہ 76 فیصد کر دی گئی ہے، جبکہ سپیشل سیونگ سرٹیفکیٹس پر بھی منافع کی شرح میں 30 بیسز پوائنٹس کی واضح کمی کر دی گئی۔
اسلامک سیونگ سرٹیفکیٹس کی شرح منافع 10 اعشاریہ 90 فیصد سے کم ہو کر 10 اعشاریہ 60 فیصد پر آگئی ہے۔ اسی طرح، اسلامک سیونگ اکاؤنٹ میں بھی 59 بیسز پوائنٹس کی کمی کے بعد منافع کی نئی شرح 9 اعشاریہ 75 فیصد مقرر کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں، شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ پر منافع 24 بیسز پوائنٹس جبکہ ریگولر انکم سرٹیفکیٹس پر بھی منافع کی شرح میں کمی کی گئی ہے۔
مالی ماہرین کا کہنا ہے کہ شرح منافع میں یہ کٹوتی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب مہنگائی کی شرح بلند ہے، اور ایسے اقدامات سے عوام کی قوتِ خرید مزید متاثر ہو سکتی ہے۔
عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی بچت اسکیموں کی شرح منافع کو عوامی ضروریات کے مطابق بہتر بنایا جائے تاکہ ریٹائرڈ افراد، بیوائیں اور چھوٹے سرمایہ کار مالی دباؤ سے بچ سکیں۔



