جہلم میں ٹریفک پولیس کی غفلت، اہم چوراہوں پر ٹریفک جام معمول بن گیا، شہری شدید پریشان

جہلم شہر میں ٹریفک پولیس کی مبینہ غفلت اور غیر سنجیدگی کے باعث شہر کی اہم سڑکوں اور چوراہوں پر طویل دورانیے تک ٹریفک جام رہنا معمول بنتا جا رہا ہے، جس کے باعث راہ گیروں، بالخصوص خواتین، بچوں، بزرگوں اور طلباء کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
جادہ چوک، سول اسپتال چوک، کچہری چوک سمیت دیگر مصروف علاقوں میں ٹریفک پولیس کا عملہ غیر موجود پایا گیا، جس کے باعث بازاروں میں خریداری کے لیے آنے والے شہریوں کو گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہنا پڑتا ہے۔
شہری حلقوں نے شکوہ کیا ہے کہ ٹریفک اہلکاروں کو ان حساس مقامات پر تعینات کرنے کی بجائے صرف شاندار چوک جیسے مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے، جہاں عمومی رش نسبتاً کم ہوتا ہے۔
شہری، سماجی، فلاحی اور رفاحی تنظیموں کے نمائندگان نے اس سنگین صورتحال پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم اور ڈی ایس پی ٹریفک سے فوری نوٹس لینے اور اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ صورتحال کسی بڑے حادثے یا ہنگامی صورت حال کا سبب بن سکتی ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک پولیس کی مستقل اور مؤثر تعیناتی کو یقینی بنایا جائے، ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے جدید حکمت عملی اپنائی جائے، اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے تاکہ شہر میں ٹریفک کا نظام بحال ہو اور عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔



