محکمہ موسمیات نے بارشوں سے متعلق اہم پیشگوئی کر دی

جہلم: محکمہ موسمیات نے جہلم سمیت ملک کے مختلف حصوں میں 20 سے 23 جون کے دوران پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مرطوب ہوائیں خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جب کہ مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ 20 جون سے ان علاقوں پر اثر انداز ہوگا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال، اٹک اور جہلم میں بارشیں متوقع ہیں۔ علاوہ ازیں میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، نارووال، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، مالاکنڈ اور بٹگرام میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
مزید برآں شانگلہ، کوہستان، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند اور خیبر کے علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے، جب کہ کرم، کوہاٹ، بنوں، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع جیسے ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، قلات، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور اور ساہیوال میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔ سندھ کے بعض علاقوں سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دیتے ہوئے نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد، کاشتکاروں اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ ممکنہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات سے بچا جا سکے۔



