ضلع جہلم میں عیدالاضحی پر مثالی صفائی کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں، ڈپٹی کمشنر سید میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر شہر میں مثالی صفائی، قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے اور دیگر تمام ضروری اقدامات کی مکمل تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

وہ جہلم پریس کلب کے عہدیداران و ممبران سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے نمائندگان ضلعی انتظامیہ کی ان کاوشوں میں تعاون اور رہنمائی فراہم کر کے شہر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں کی میونسپل کمیٹیز اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اشتراک سے آلائشوں کو تلف کرنے کا جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت شہری علاقوں میں اطلاع ملنے پر 30 منٹ جبکہ دیہی علاقوں میں ایک گھنٹے کے اندر آلائشوں کو گھروں کی دہلیز سے اٹھا کر مخصوص ڈمپنگ پوائنٹس تک پہنچایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق شہر بھر میں شہریوں میں بائیو ڈیگریڈیبل شاپنگ بیگز تقسیم کیے گئے ہیں تاکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں جگہ جگہ پھینکنے کے بجائے ان بیگز میں ڈال کر اپنے گھروں کے باہر رکھ دی جائیں۔ میونسپل کمیٹی اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا عملہ ان بیگز کو بروقت اٹھا کر مقررہ مقامات پر تلف کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ عید الاضحی کے تینوں ایام کے دوران صفائی کے اس جامع آپریشن کے لیے 1,667 ملازمین اور 600 سے زائد گاڑیوں و مشینری پر مشتمل سکواڈ مصروف عمل رہے گا۔ فیلڈ میں کام کرنے والے عملے کی نگرانی کے لیے مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جو 24 گھنٹے کام کرے گا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم نے مزید کہا کہ ہر تحصیل میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر جبکہ ضلعی ہیڈ کوارٹر میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صفائی کے انتظامات کی براہ راست نگرانی کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صفائی ستھرائی کے عمل میں تعاون کریں تاکہ عید کے دوران شہر کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button