ضلع جہلم میں عیدالاضحیٰ پر دفعہ 144 نافذ، سری پائے جلانے اور نہانے پر پابندی

جہلم: ڈپٹی کمشنر نے عید الاضحیٰ کے موقع پر دفعہ 144 نافذ کر دی، مختلف عوامی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے عید الاضحیٰ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ یہ پابندی 5 جون سے 11 جون تک نافذ العمل رہے گی، جس کے دوران متعدد عوامی سرگرمیوں پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق عید کے ایام میں عوامی مقامات پر سری پائے جلانے، دریائے جہلم اور اس سے منسلک نہروں، ندی نالوں میں نہانے، اسلحہ کی نمائش کرنے، جانوروں کی آلائشوں کو گلی محلوں، سیوریج لائنوں یا نالوں میں پھینکنے اور قربانی کے جانوروں کی غیر منظور شدہ مقامات پر خرید و فروخت کرنے پر مکمل پابندی ہو گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد عید کے موقع پر ممکنہ عوامی مشکلات، ماحولیاتی آلودگی، ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ اور کسی بھی قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ضابطہ اخلاق کی پاسداری کریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے اجتناب کریں۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے واضح کیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس حکم نامے پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے پوری طرح متحرک رہیں گے۔



