جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی، 438 افراد کی جانچ پڑتال

جہلم: ضلع جہلم میں دہشت گردی، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کی جانب سے سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کی گئی۔ اس دوران 14 مختلف مقامات پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، جن میں مجموعی طور پر 438 افراد کی تلاشی اور ویری فکیشن کی گئی۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کے مطابق یہ اقدامات شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ ان سرچ آپریشنز میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے شہریوں کی شناخت "پولیس ایپلیکیشن” کے ذریعے چیک کی گئی تاکہ کسی بھی مشتبہ شخص کی فوری تصدیق ممکن ہو سکے۔

پولیس نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سپیشل ناکہ بندی کر کے مشکوک گاڑیوں اور افراد کی سخت نگرانی کی۔ ان کارروائیوں کا مقصد مجرمان اشتہاری، جرائم پیشہ عناصر، اور سماج دشمن افراد کی گرفتاری کو ممکن بنانا، اور کسی بھی قسم کی غیرقانونی سرگرمی کی روک تھام ہے۔

ڈی پی او کے مطابق ان آپریشنز کا بنیادی مقصد ناجائز اسلحہ، منشیات، اور دیگر غیر قانونی سامان کی برآمدگی کے ساتھ ساتھ شرپسند عناصر کو ان کے مذموم عزائم پر عمل پیرا ہونے سے روکنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جہلم پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ معاشرے کو محفوظ تر بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button