وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کا تعمیر بیت المساکین پراجیکٹ، مستحق معذور فیملی کے لیے مکان کی تعمیر کا آغاز

دینہ: وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام "تعمیر بیت المساکین” پراجیکٹ کے تحت دینہ کے نواحی علاقے مفتیاں میں ایک انتہائی مستحق معذور فیملی کے لیے مکان کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں ایک روح پرور دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں اہلیانِ محلہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور فلاحی کاوش کو سراہا۔ مذکورہ خاندان کا سربراہ ایک حادثے کا شکار ہونے کے باعث گزشتہ تین سال سے مکمل طور پر معذور ہے اور کام کرنے سے قاصر ہے۔ وہ کرائے کے ایک چھوٹے سے مکان کے ایک کمرے میں تین جوان بچیوں اور دو بچوں کے ساتھ نہایت کسمپرسی اور دکھ بھرے حالات میں زندگی گزار رہا تھا۔

وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین سلیم انور کسانہ نے اس فیملی کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے، اپنے مخیر دوستوں کے تعاون سے ویل چیئر فراہم کی اور مکان کی تعمیر کا آغاز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا مشن دکھی انسانیت کی خدمت اور بے سہارا لوگوں کا سہارا بننا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فاؤنڈیشن اس وقت 14 فلاحی منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جن میں پینے کے صاف پانی کے منصوبے، یتیم اور مستحق بچیوں کے لیے باعزت روزگار کی فراہمی، ویل چیئرز پراجیکٹ، قرض حسنہ اور کفالتِ یتیم جیسے بامقصد پروگرام شامل ہیں۔

اس موقع پر عابد حسین عابدی (شاندار ٹینٹ سروس، دینہ) نے وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کی پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ واقعی یہ خدمتِ خلق کا ایک عظیم نمونہ ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ان عظیم فلاحی کاموں میں دل کھول کر حصہ لیں اور بے سہارا لوگوں کی زندگی میں آسانی پیدا کریں۔

دعائیہ تقریب کے اختتام پر اہلِ محلہ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس عظیم خدمت کو قبول فرمائے اور فاؤنڈیشن کے مشن کو مزید کامیابیوں سے ہمکنار کرے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button