دینہ کے معروف سماجی شخصیت حاجی محمد اقبال انتقال کر گئے، نماز جنازہ 28 مئی کو ڈنمارک میں ادا کی جائے گی

کوپن ہیگن/دینہ: معروف سماجی شخصیت، انجمن بہبود مریضاں (پاکستان و ڈنمارک) دینہ کے سرپرست اعلیٰ حاجی محمد اقبال رضائے الٰہی سے ڈنمارک میں انتقال فرما گئے۔ ان کے انتقال کی خبر نے پاکستان اور بیرون ممالک بالخصوص دینہ اور کوپن ہیگن میں موجود ان کے چاہنے والوں کو غمزدہ کر دیا۔

حاجی محمد اقبال کی نمازِ جنازہ 28 مئی بروز بدھ دن 1:15 بجے ڈنمارک کے شہر کوپن ہیگن میں ادا کی جائے گی، جس میں اہل خانہ، عزیز و اقارب، دوست احباب اور سماجی حلقوں سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔حاجی محمد اقبال کو نماز جنازہ کے بعد مقامی مسلم قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا.

مرحوم نے اپنی زندگی انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ انجمن بہبود مریضاں (پاکستان و ڈنمارک) دینہ کے تحت انہوں نے دینہ کے رورل ہیلتھ سنٹر میں ایک جدید آئی ہسپتال قائم کیا، جہاں لاکھوں مستحق مریضوں کا مفت آنکھوں کا معائنہ اور آپریشن کیا گیا۔ ان کے اس عظیم کارنامے کے نتیجے میں ہزاروں لوگ بینائی جیسی نعمت سے دوبارہ فیض یاب ہوئے۔ یہ سلسلہ آج بھی کامیابی سے جاری ہے، جو ان کی دور اندیشی اور بے لوث خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

دینہ آج ایک ایسے محسن سے محروم ہو گیا ہے جس نے اللہ کی رضا کے لیے بندگانِ خدا کی بے مثال خدمت کی۔ مرحوم نے نہ صرف مخلوق کی آنکھوں کو روشنی دی بلکہ اپنی نیکیوں سے اللہ تعالیٰ کو بھی راضی کیا۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ حاجی محمد اقبال مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کا سفرِ آخرت آسان بنائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button