جہلم میں مضر صحت نشہ آور اشیاء کی کھلے عام فروخت، طلباء کی زندگیاں خطرے میں

جہلم شہر میں مضر صحت اور نشہ آور اشیاء کی کھلے عام فروخت جاری ہے، جس کے باعث نوجوان نسل، خصوصاً اسکول و کالج کے طلباء شدید خطرات سے دوچار ہو رہے ہیں۔ شہریوں نے اس تشویشناک صورتحال پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے مختلف علاقوں میں انڈین سیاری، گٹکا، شیشہ، اور دیگر نشہ آور اشیاء کی فروخت بغیر کسی روک ٹوک کے جاری ہے۔ یہ مکروہ دھندہ تعلیمی اداروں کے قرب و جوار میں بھی فروغ پا رہا ہے، جہاں نو عمر طلباء بآسانی یہ مضر اشیاء خرید کر اپنی صحت اور مستقبل کو تباہ کر رہے ہیں۔
شیشہ نوشی کے لیے استعمال ہونے والا حقہ اور متعلقہ سامان بازاروں میں سرعام دستیاب ہے، جس سے نوجوان نسل تیزی سے نشے کی لعنت میں مبتلا ہو رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ عدلیہ اور حکومت پنجاب کی جانب سے بارہا نشہ آور اشیاء کی فروخت روکنے کے لیے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں، مگر اس کے باوجود مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
شہریوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ڈپٹی کمشنر جہلم سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ فی الفور نوٹس لیں اور نشہ آور اشیاء کی فروخت میں ملوث دکانداروں کے خلاف بلاتفریق سخت کارروائی کریں تاکہ نوجوان نسل کو اس تباہ کن راستے سے بچایا جا سکے۔



