جہلم میں صفائی کا نظام درہم برہم، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب کے "صاف ستھرا پنجاب” ویژن کو عملی جامہ پہنانے کی بجائے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا عملہ جہلم شہر میں صفائی کے ناقص نظام کے ذریعے اس وژن کو سبوتاژ کرنے میں مصروف ہے۔
جہلم شہر کی چند مرکزی سڑکوں پر محض رسمی جھاڑو کے علاوہ کمپنی کا عملہ گلی محلوں، ملحقہ آبادیوں اور رہائشی کالونیوں میں کہیں بھی صفائی کرتا دکھائی نہیں دیتا۔
ذرائع کے مطابق صفائی کا عملہ اکثر کوڑا کرکٹ جمع کرنے کی بجائے اسے آگ لگانے میں مصروف رہتا ہے، جس سے ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ گلی محلوں میں صفائی کی حالت نہایت ابتر ہو چکی ہے، جبکہ صفائی کے لیے مقرر کردہ ٹھیکیدار اور اس کا عملہ محض زبانی دعوؤں تک محدود نظر آتا ہے۔ ابتدا میں چند ہفتے صفائی کا نظام کچھ بہتر دکھائی دیا، مگر جلد ہی عملے اور ٹھیکیدار نے اپنی ذمہ داریوں سے منہ موڑ لیا۔
شہریوں نے اس صورت حال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا ٹھیکہ فوری طور پر منسوخ کیا جائے اور اس کی جگہ ایک ایماندار، فرض شناس اور باصلاحیت ٹھیکیدار کو ذمہ داری دی جائے جو جدید مشینری، مستعد عملہ اور صفائی کے مؤثر نظام کے ذریعے جہلم کو صاف ستھرا اور مثالی شہر بنا سکے۔



