اسلام قریشی ویلفیئر ٹرسٹ کے زیراہتمام پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے سیمینار اور ریلی

جہلم: پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی آبی جارحیت کے خلاف اسلام قریشی ویلفیئر ٹرسٹ کے زیراہتمام شہر کی معروف سماجی شخصیت اسلام قریشی کی زیر سرپرستی مین بازار کالا گجراں سے مسجد قریشیاں تک پرامن ریلی اور ’’پاکستان زندہ باد سیمینار‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں تمام مکاتب فکر، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کی سرکردہ شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی، فلسطینی عوام کی حمایت، اور بھارتی جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے پاکستان زندہ باد، افواجِ پاکستان پائندہ باد، اور فلسطین کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے پُرامن مارچ کیا۔

ریلی کے اختتام پر مسجد قریشیاں میں ایک پُرجوش سیمینار منعقد ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے اسلام قریشی نے کہا کہ "پاکستان کلمے کی بنیاد پر قائم ہوا ہے اور ہمارا نعرہ ‘اللہ اکبر’ ہے۔ بھارتی حکمران گیدڑ بھبکیاں مار رہے ہیں، مگر پاکستان کا بچہ بچہ وطن عزیز کے ایک ایک چپے کا محافظ ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ "ہم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور جو کوئی ہماری سرحدوں کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا، اس کی آنکھیں نوچ لی جائیں گی۔”

سیمینار کے دوران بھارتی آبی جارحیت اور حالیہ دھمکی آمیز بیانات کے خلاف اور افواجِ پاکستان سے مکمل اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک متفقہ قرارداد بھی منظور کی گئی، جسے شرکاء نے بھاری اکثریت سے منظور کیا۔

عوامی حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اجتماعات نہ صرف قومی وحدت کو مضبوط کرتے ہیں بلکہ دشمن قوتوں کو بھی ایک واضح پیغام دیتے ہیں کہ پاکستانی قوم اپنی فوج کے ساتھ ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button