جہلم کے علاقہ بہلولہ میں فری میڈیکل کیمپ، 700 سے زائد مریضوں کا مفت معائنہ و علاج

جہلم: یونین کونسل گھرمالہ کے نواحی گاؤں بہلولہ میں ایک روزہ اصغر لال شاہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
کیمپ کا اہتمام معروف سماجی شخصیت سید ناظم شاہ اور ان کی صاحبزادی لیڈی ڈاکٹر سیدہ مناہل ناظم کی دعوت پر کیا گیا، جس میں اسلام آباد سے 23 رکنی ماہر ڈاکٹرز اور لیڈی ڈاکٹرز کی ٹیم نے شرکت کی۔
میڈیکل کیمپ میں آنکھوں کے ماہرین، گائناکالوجسٹ، میڈیکل اسپیشلسٹس اور فزیوتھراپسٹ شامل تھے، جنہوں نے 700 سے زائد مریضوں کا طبی معائنہ کیا اور موقع پر ہی مفت ادویات بھی فراہم کیں۔ مختلف بیماریوں میں مبتلا نادار اور مستحق مریضوں کو ایک ہی چھت تلے تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر جہلم پریس کلب کے سابق جنرل سیکرٹری و چیئرمین میڈیاون سید اکرم حسین شاہ بخاری، چوہدری ذوالفقار بہلولہ، مرزا ظفر اقبال جرال (سابق کونسلر)، چوہدری محمد سلیم (سابق کونسلر بہلولہ) سمیت علاقہ کی معروف سماجی و سیاسی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے سید ناظم شاہ نے کہا کہ اس میڈیکل کیمپ کا مقصد پسماندہ علاقے کے ان افراد کو طبی سہولیات فراہم کرنا ہے جو مہنگے علاج کی استطاعت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایسے فلاحی اقدامات مستقل بنیادوں پر جاری رکھے جائیں تاکہ علاقہ مکینوں کو صحت کی سہولتیں ان کے دروازے پر میسر آئیں۔
علاقہ مکینوں نے کیمپ کے انعقاد اور مفت طبی سہولیات فراہم کرنے پر سید ناظم شاہ، لیڈی ڈاکٹر مناہل ناظم اور سید اکرم حسین شاہ بخاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ خدمت خلق کا بہترین نمونہ ہے، جس کی دیگر علاقوں میں بھی تقلید ہونی چاہیے۔



