جہلم میں فصل کی باقیات جلانے سے 10 ایکڑ پر کھڑی گندم راکھ کا ڈھیر بن گئی

جہلم کے نواحی علاقے چک مغلاں میں فصل کی باقیات کو آگ لگانے کا افسوسناک نتیجہ سامنے آیا، جہاں قریباً 10 ایکڑ رقبے پر کھڑی گندم کی فصل جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئی۔ لاکھوں روپے مالیت کی گندم اور توڑی مکمل طور پر خاکستر ہو گئی۔
ایک زمیندار نے گندم کی کٹائی کے بعد کھیت میں موجود باقیات کو آگ لگا دی۔ تیز ہوا کے باعث آگ نے پڑوسی کسان کی کھڑی فصل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اور دیکھتے ہی دیکھتے شعلے چاروں طرف پھیل گئے۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ قریبی کھیتوں میں موجود فصلیں بھی متاثر ہوئیں۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو کی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی، تاہم جب تک آگ بجھائی جا سکی، تب تک کسان کی لاکھوں روپے مالیت کی تیار گندم اور توڑی جل کر مکمل طور پر تباہ ہو چکی تھی۔
علاقہ مکینوں نے واقعہ پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اخبار نویسوں سے گفتگو میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ کسان کی مالی مدد کی جائے تاکہ وہ اپنا نقصان کسی حد تک پورا کر سکے۔



