18 اپریل کو فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی جائے گی، حافظ عبدالحمید عامر

جہلم: جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامر نے اعلان کیا ہے کہ 18 اپریل کو فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک ریلی نکالی جائے گی۔
یہ اعلان انہوں نے جامعہ علوم اثریہ میں منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں جامعہ کے اساتذہ، کارکنان، اور جماعتی ذیلی تنظیموں کے نمائندے شریک تھے۔
حافظ عبدالحمید عامر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کی طرف سے نہتے فلسطینیوں پر جو ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، ان پر خاموشی اختیار کرنا نہ صرف گناہ ہے بلکہ ایمانی حمیت اور غیرت کے بھی خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اہلِ فکر و دانش مل کر ایک متفقہ اور مؤثر لائحہ عمل اختیار کریں تاکہ مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں عملی اقدامات کیے جا سکیں۔
انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی اہلِ غزہ پر ظلم کی کوئی خبر سنتے ہیں یا کوئی ویڈیو آنکھوں کے سامنے آتی ہے، تو دل خون کے آنسو روتا ہے اور انسان اپنی بے بسی پر خود سے بھی منہ چھپانے کو جی چاہتا ہے۔ لیکن ایسی کیفیت میں اپنے ضمیر کو مطمئن کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہر شخص اپنی استطاعت کے مطابق اپنے حصے کا کردار ضرور ادا کرے۔
مشاورتی اجلاس میں مرکزی جمعیت اہل حدیث، اہل حدیث یوتھ فورس، اور اہل حدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن ضلع جہلم کے کارکنوں نے اس ریلی کو کامیاب اور مؤثر بنانے کے لیے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس میں طے پایا کہ یہ ریلی 18 اپریل کو نمازِ جمعہ کے بعد چوک اہل حدیث سے روانہ ہو گی، جو اقبال لائبریری روڈ سے گزرتے ہوئے شاندار چوک پر اختتام پذیر ہو گی، جہاں مختلف قائدین فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے خطاب کریں گے۔



