جہلم میں عید الفطر کی تیاریاں عروج پر، بازاروں میں خریداروں کا غیر معمولی رش

جہلم: عید الفطر کی آمد کے ساتھ ہی جہلم شہر اور گردونواح کے بازاروں، مارکیٹوں اور شاپنگ مالز میں خریداری کا رجحان زور پکڑ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے آخری عشرے کے آغاز کے ساتھ ہی رات گئے تک بازاروں میں خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے، جہاں ملبوسات، جیولری، میک اپ، جوتے، مہندی اور چوڑیوں کی خریداری میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

عید کے قریب آتے ہی خواتین، بچیوں اور بچوں کی بڑی تعداد مختلف دکانوں اور برانڈز کے اسٹورز پر خریداری میں مصروف نظر آ رہی ہے۔ خاص طور پر خواتین کڑھائی والے رنگ برنگے کپڑوں، مصنوعی جیولری، چوڑیوں، مہندی اور میک اپ کے سامان میں گہری دلچسپی لے رہی ہیں۔

بازاروں میں خریداروں کے رش کے ساتھ ساتھ دکانداروں نے بھی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس کی وجہ سے خریداروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

خواتین نے عید کی تیاریوں کے پیش نظر بیوٹی پارلرز پر مہندی اور میک اپ کے لیے بکنگ کروانا بھی شروع کر دی ہے۔ اس کے علاوہ خواتین کپڑوں کے ساتھ میچنگ کرتے ہوئے ہینڈ بیگز، چوڑیاں، جوتے اور مصنوعی جیولری خریدنے میں مصروف ہیں۔

عید کی تیاریوں میں تیزی کے باعث بازاروں میں رونق بڑھ گئی ہے اور ہر طرف خریداروں کی گہما گہمی نظر آ رہی ہے جو کہ عید کی خوشیوں کا بھرپور اظہار کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button