جہلم میں بچوں کے سامنے اپنی بیوی کو زندہ جلانے والے مجرم کو عمر قید اور جرمانے کی سزا

جہلم پولیس کی موثر تفتیش اور پیروی کے بعد سیشن جج خالد محمود بھٹی نے قتل کے مقدمہ نمبر 187/24 بجرم (B)302 تعزیراتِ پاکستان تھانہ صدر کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم گل بادشاہ کو عمر قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم دیا۔

مجرم گل باد شاہ نے گزشتہ سال جون میں جہلم کے علاقے عید گاہ سعیلہ میں گھریلو رنجش کے باعث اپنی بیوی پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی تھی۔ متاثرہ خاتون کھانے کی تیاری میں مصروف تھی کہ تلخ کلامی کے بعد گل بادشاہ نے گھر میں رکھا پٹرول اٹھایا اور ماچس سے آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں خاتون بری طرح جھلس گئی۔

8 بچوں کی ماں کے جسم کا 45 فیصد حصہ آگ سے متاثر ہوا تھا اور اسے فوری طور پر برن یونٹ کھاریاں منتقل کیا گیا، جہاں وہ 8 روز تک موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گئی تھی۔

واقعے کے فوراً بعد تھانہ صدر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور ملزم گل بادشاہ کو پشاور سے گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا۔ پولیس نے ٹھوس شواہد اکٹھے کر کے چالان عدالت میں پیش کیا اور مقدمے کی موثر پیروی کی، جس کے نتیجے میں عدالت نے جرم ثابت ہونے پر گل بادشاہ کو قرار واقعی سزا سنائی۔

سیشن جج خالد محمود بھٹی نے قتل کے مقدمہ نمبر 187/24 بجرم (B)302 تعزیراتِ پاکستان تھانہ صدر کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم گل بادشاہ کو عمر قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم دیا۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے ملزم کو سزا دلوانے میں موثر کردار ادا کرنے والی انویسٹی گیشن اور لیگل ٹیموں کو شاباش دی اور انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔ ڈی پی او نے کہا کہ "سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کو سزائیں ملنا قانون اور انصاف کی فتح ہے، اور یہ سزا معاشرے میں ظلم و جبر کے خاتمے کا ایک مضبوط پیغام ہے۔”

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button