پنڈدادنخان پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا، متعدد ملزمان گرفتار

پنڈدادنخان: ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان رانا عبدالطیف کی قیادت میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا، منشیات، قتل، ڈکیتی اور شراب فروشی میں ملوث متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان رانا عبدالطیف اور ان کی پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن ریسورس کو بروئے کار لاتے ہوئے ڈکیتی اور شہری کے قتل میں ملوث خطرناک ملزم علی حسنین کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کو مضبوط شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے گا تاکہ اسے قرار واقعی سزا دی جا سکے۔ اسی دوران شراب اور منشیات فروشی میں ملوث تین ملزمان کو بھی گرفتار کر کے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی گئی، جن کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں پولیس نے پتنگ فروشی اور غیر قانونی گیس ریفلنگ میں ملوث تین دیگر ملزمان کو بھی حراست میں لے کر ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
ایس ایچ او رانا عبدالطیف کا کہنا ہے کہ علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے لیے کوئی گنجائش نہیں، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں سخت سزا دلوائی جا سکے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے پولیس ٹیم کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے ایس ایچ او پنڈدادنخان اور ان کی ٹیم کو شاباش دی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع جہلم میں جرائم کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔



